×

املی کھائیں اور آٹھ بیماریوں سے نجات پائیں

کھانوں میں ذائقہ بڑھانے کے لئے املی ہر گھر کی اہم ضرورت ہے۔ حیدرآبادی کھانے تو املی کے بغیر ادھورے سمجھے جاتے ہیں۔ کھانے ہوں یا چاٹ اور چٹنی وغیرہ دیسی کھانوں میں اس سے جان آجاتی ہے۔

کھانوں میں ذائقہ کے ساتھ ساتھ یہ اپنی طبی خصوصیات کے باعث مختلف دواؤں کا حصہ بھی بنتی ہے۔ املی وٹامن سی ،ای اور بی،کیلشیم،فاسفورس،آئرن ،پوٹاشیم ،میگینز اور غذائی فائبر کا خزانہ ہے۔املی میں موجود غذائی اجزاء اپنے ساتھ بہت سے صحت بخش اثرات لئے ہونے کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہے۔املی میں موجود نامیاتی مرکبات کی بڑی تعداد اسے ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلیمیشن بناتے ہیں۔

ویسے تو یہ سردی ہو یا گرمی ہر گھر میں استعمال ہوتی ہے۔اب اس کے فوائد سے آگاہ ہونے کے بعد املی کے استعمال میں آپ اور زیادہ خوشی محسوس کریں گے۔

نظام ہضم
املی کا استعمال نظام ہضم کے لئے بہت اچھا ثابت ہوتا ہے۔ کھانے کو ہضم کر کے یہ اس کے گزرنے اور پاس ہونے کے عمل کو آسان بناتی ہے۔قبض ، گیس اور معدے کے دیگر مسائل سے بچاکر معدہ کو طاقت دیتی ہے۔

وزن میں کمی
وزن میں کمی کے لئے املی کااستعمال بہت بہتر نتائج دیتا ہے۔بھوک کم کرتی ہے اور یہ جسم میں فیٹ کو اسٹور نہیں ہونے دیتی ۔وزن میں کمی کے لئے املی سے بنائے گئے شربت بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔

دل کے صحت
املی میں پوٹاشیم ہونے کے باعث یہ بلڈ پریشر کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔املی میں موجود فائبر شریانوں سے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو ختم کرتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی فری ریڈیکل کے خطرات کو کم کرتا ہے۔

فولاد کی کمی
جسم میں فولاد کی کمی دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔آئرن کی کمی سے تھکاوٹ، سر درد ،پیٹ کے مسائل،خون کی کمی جیسے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ جسمانی پٹھوں اور اعضاء کی بہتر کارکردگی کے لئے املی مفید ثابت ہوتی ہے۔

ذیابیطس پر کنٹرول
شوگر کے مریضوں کا سب سے اہم مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس جسم میں جاکر چینی یا چربی کی شکل میں جمع ہوجاتے ہیں جو شوگر کی سطح میں اضافہ کرتے ہیں۔املی کا استعمال وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کے اتار چڑھاؤ کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

قوت مدافعت
املی میں موجود وٹامن سی اور دیگر اینٹی آکسیڈنٹ انسانی جسم کے لئے بہترین دوا کا کام کرتے ہیں۔املی مدافعتی نظام کو فروغ دے کر انسانی جسم کو بیماریوں سے بچا کر صحت مند زندگی کو یقینی بناتی ہے۔

متلی اور قے
طبیعت کو فرحت بخشتی ہے۔متلی اور قے کی شکایت دور کر کے غذا کو ہضم کرتی ہے۔متلی ہونے کی صورت میں اگر املی کا شربت استعمال کیا جائے تو فائدہ ہوتا ہے۔

اعصابی صحت
املی میں موجود وٹامن بی کمپلیکس اور تھیامن اعصاب کی صحت کے لئے بہترین ہے۔املی اعصابی عضلات کی صحت کو بہتر بناکر آپ کو فعال اور مضبوط بناتی ہے۔

یہاں کلک کر کے شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں