پاکستان کا جنوبی افریقا کو309 رنز کا ہدف ،آرمی چیف موجود

لندن:(آسٹریلین اردو ٹی وی) ورلڈکپ 2019، پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 309 رنز کا ہدف دے دیا۔

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے پراعتماد انداز اپناتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ 

ٹیم کا مجموعی اسکور 81 تک پہنچا تو فخر زمان، عمران طاہر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر امام الحق 44 اور محمد حفیظ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 

میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پروٹیز سے فتح حاصل کرنا ضروری ہے جس کے بعد بھی اگر مگر کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیااور یوں پاکستانی اوپنرز کی کارکردگی نے شائقین کرکٹ کا لہو گرما دیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ دیکھنے اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

آرمی چیف کی سٹیڈیم آمد کے موقع پر پاکستانی شہری داخلی دروازے کے سامنے اکٹھے ہو گئے اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ اس دوران کچھ نوجوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کرکٹ کے شوقین ہیں اور خود بھی کھلاڑی رہے ہیں چند ماہ قبل وہ جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا میچ دیکھنے گئے تھے۔

آرمی چیف سمیت ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ بھی میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان، پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

سابق کرکٹرز ظہیر عباس مشتاق محمد،آصف اقبال کے علاوہ سابق ہوم سیکریٹری سندھ وسیم احمد بھی لارڈز میں پاکستانی ٹیم کی حمایت کررہے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے ورلڈ کپ میچ میں لارڈر کا گراؤنڈ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا منظر پیش کر رہا ہے جو پاکستانی کرکٹ مداحوں سے بھرا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 16 جون پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مانچسٹر ساؤتھ ہمپٹن میں مدمقابل تھیں، ورلڈکپ کے سب سے بڑے میچ میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے شاہ محمود قریشی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سمیت دیگر اہم شخصیات اسٹیڈیم پہنچیں تھیں، بدقسمتی سے پاکستان کو میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوستوں سے شیئر کریں

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

تبصرہ کریں