ٹھرک نامہ ۔ ویلنٹائن ڈے سپیشل

ٹھرک نامہ

رحیم بلوچ

ٹھرک نامہ

ٹھرکی

ڈورے اس لڑکی پہ ڈالیں جسے اپنے حسن پہ غرور ہو جو کسی کو خاطر میں نہ لائے۔ بدقسمتی سے ہمارے ٹھرکیوں میں یہ تصور عام ہے کہ یہ لڑکی بہت خوبصورت ہے تو پہلے ہی کسی جال میں پھنسی ہوئی ہوگی۔ سب یہی سوچ کر اسے چھوڑ دیتے ہیں وہ بے چاری اکیلی رہ جاتی ہے۔ دور جدید کی ٹھرکیوں میں ایک خامی یہ بھی ہے کہ وہ سچ مچ جذباتی ہوجاتے ہیں ، حتی کہ رونے بھی لگتے ہیں۔ دیکھیئے جناب اگر عشق کرنا ہے تو عاشق اور معشوق کے فرق کو ملحوظ خاطر رکھیں ، اگر آپ بھی معشوق کی طرح جذباتی اور رونے دھونے کے ہو کر رہ جائیں گے تو عشق میں خلل پڑجائے گا۔

عورت کو اپنے جیسا رونے دھونے والا نہیں چاہیئے ، عورت کو مرد چاہئے مرد ، جس کے کندھے پر بیٹھ کر رو سکے۔ اگر آپ خود رونے کے لیے کندھا تلاش کر رہے ہیں تو اگر مل جائے تو مجھے بھی بتائیں۔

عزت نفس پر کبھی سمجھوتا نہ کریں۔ خود منہ اٹھا کر کسی کے انباکس نہ جائیں ، بس ایسی صورت حال پیدا کریں کہ سامنے والا خود مجبور ہو کر آئے۔

صرف فیس بک انباکس تک محدود نہ رہیں ، بلکہ واٹس اپ نمبر ضرور لیں کیونکہ یہی عشق کی مضبوطی کی دلیل ہے لیکن کبھی سیدھی طرح نہ مانگیں کیونکہ آگے سے بہت سے نخرے ، شرافت کی دلیلیں اور اپنے جلالی خاندان کے قہر و غضب کے قصے سننے کو ملیں گے۔ بس کسی بہانے سے وٹس اپ نمبر لے کر محفوظ کریں۔

کبھی عشق میں جان دینے ، چاند تارے توڑ کر لانے کی بات نہ کریں ، ہمیشہ یہ ظاہر کریں کہ آپ کو بچھڑ جانے کا کوئی غم نہیں ہے تاکہ اگلا بچھڑنے کا نہ سوچے لیکن کچھ چیزیں جیسے برتھ ڈے ، بیماری وغیرہ پہ ایسے سوال پوچھیں جس سے لگے کہ آپ بہت خیال رکھنے والے ہیں۔ کبھی کبھی میسج سین کر کے ان سین کر دیں بعد میں یہ جتائیں کہ پیغامات کی بھرمار کی وجہ سے تمہارا میسج نیچے چلا گیا تاکہ رعب جما رہے۔

لیکن کبھی پوسٹ لگا کر یہ نہ جتائیں کہ آپ کے پیچھے بہت لائن لگی ہوئی اس سے آپ کی احساس کمتری ظاہر ہوگی۔
تعریف کرنے میں مبالغہ آرائی کے بجائے احتیاط سے کام لیں لیکن بالکل بھی حقیقی رائے نہ دیں بس گھما پھرا کر ایسی تعریف کریں جو حقیقت اور فسانے کے درمیان ہو۔

چاپلوسی سے پرہیز کریں اور ہمیشہ یہ ظاہر کریں کہ آپ کسی سے متاثر نہیں ہوتے۔ شاعری ایسی کیجئے کہ جس میں حسن و مستی کا تذکرہ ہو لیکن آہیں بھرنے اور اداس شاعری سے پرہیز کریں۔ اگر لڑکی دکھی آتما ہے تو ہمیشہ اس کی ہر بات پر اختلاف کریں اس طرح اسے یہ محسوس ہوگا کہ آپ ہی اس کی خزاں جیسی زندگی میں بہار لانے والے ہیں۔
لڑکی کی خاندان یا اپنے خاندان کا تذکرہ یا برائی کبھی نہ کریں۔ ہر لڑکی کو یہ لگتا کہ وہ غلط جگہ پیدا ہوئی ہے اور اس کے خوابوں کا شہزادہ آ کر اسے اس جہنم جیسی زندگی سے نکال کر اپنے جنت جیسے محل میں لے جائے گا۔

سب سے اہم بات کہ لڑکی کو کسی صورت لوڈ نہ بھیجیں بس کبھی کبھی جب وہ کہے کہ پیکج نہیں تو اس کے لوڈ مانگنے سے پہلے پیکج کرا دیا کریں۔

باقی تمام معلومات بھلے فیک بتائیں لیکن پاکٹ منی اور سیلفی کے معاملے میں ایمانداری سے کام لیں۔ اپنی فلٹرشدہ سیلفی کبھی نہ بھیجیں ، جیب خرچ اور سیلری ہمیشہ کم بتائیں۔

کبھی کوئی مہنگا تحفہ نہ دیں ، بس یہ کہیں کہ تحفے کی قیمت نہ دیکھیں ، خلوص دیکھیں۔ بدلے کی امید نہ رکھیں کیونکہ وہ زمانہ گیا جب لڑکیاں کاٹن کے سوٹ گفٹ کیا کرتی تھیں۔

ملاقات پہ جانے سے پہلے کوئی تیاری نہ کریں بکھرے بالوں اور بڑھی ہوئی شیو کے ساتھ جائیں بھلے آپ باندر لگیں کیونکہ لگنا تو آپ نے ویسے ہی باندر لیکن کم از کم سامنے والے پر یہ تاثر قائم رہے کہ اگر تیاری کر کے آتا تو شاید ایسے باندر نہ لگتا۔

دوستوں سے شیئر کریں

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

تبصرہ کریں