درست املا اردو زبان و بیان سیریز از محمد فیصل شہزاد

درست املا از محمد فیصل شہزاد

 7زبان و بیان سیریز

آج کی مجلس میں ہم نو اردو الفاظ اور تراکیب کادرست املا سیکھیں گے چند دوستوں نے شکوہ کیا کہ قسط چھوٹی ہوتی ہے، زیادہ غلطیوں پر بات نہیں ہوتی، اور پھر اس بار دو دن کی غیر حاضری بھی رہی، اس لیے فیس بک کے جھروکے سے یعنی دوستوں کی پوسٹس سے اس بار نو غلطیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے!
1۔ برائے مہربانی. اس کا صحیح املا براہِ مہربانی ہے۔
2۔ کاروائی. درست املا ایک’ ر‘ کے اضافے کے ساتھ کارروائی ہے۔
3۔ پرواہ. صحیح لفظ پروا ، لاپروا اور لاپروائی ہے۔
4۔ فرج. اشیاء کو ٹھنڈا کرنے والی مشین کا نام فریج ہے نہ کہ فرج! (فرج زنانہ شرم گاہ کو کہتے ہیں)
5۔ استفادہ حاصل کرنا یہ جملہ غلط ہے۔’’استفادہ‘‘ کے معنی خود ہی فائدہ حاصل کرنا ہے، گویا استفادہ میں ’حاصل‘ خود موجود ہے فارسی میں استفادہ کردم کہتے ہیں لہٰذا ’حاصل‘ بڑھانا غلط اور ’استفادہ کرنا یا استفادہ کیا‘ کافی اور صحیح ہے۔
6۔ نئی جدت ۔ نئی جدت کہنا غلط ہے۔’’جدت‘‘ کے معنی نئی چیز یا بات کے ہیں، لہٰذا ’’جدّت‘‘ کے ساتھ ’’نئی‘‘ لگانا بالکل زائد اور غلط ہے۔
7۔ گالیاں نکالنا. اردو کا محاورہ ’گالیاں نکالنا‘ نہیں، شاید پنجابی میں اسی طرح درست ہو مگر اردو میں ’گالیاں دینا‘یا ’گالیاں بکنا‘ بولا جاتا ہے، اور یہی صحیح ہے۔
8۔ دوران۔پچھلے چند سال سے ’دوران‘ کے ساتھ ’میں‘ نہ لانے کا رجحان اس قدر زور پکڑ گیا ہے کہ اب اکثر لوگوں کو غالباً یاد بھی نہیں رہا کہ کبھی ’دوران میں‘ لکھا جاتا تھا مگر غلطی بہرحال غلطی ہی ہے۔
مثال کے طور پر کہا جاتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بڑی صنعتوں کی شرح نمو2.49 فیصد رہی ۔
صحیح جملہ اس طرح ہو گا... رواں مالی سال کے دوران میں بڑی صنعتوں کی شرح نمو2.49 فیصد رہی۔
یاد رکھیے کہ ’’دوران‘‘ کے ساتھ ’میں‘ اتنا ہی ضروری ہے، جتنا ’اثناء‘کے ساتھ مثلاً:
’’اِسی اثناء میں ایک غیر معمولی واقعہ ظہور پذیر ہوا‘‘
اس جملے کو اس طرح کوئی نہیں لکھتا: ’’اِسی اثناء ایک غیر معمولی واقعہ ظہور پذیر ہوا۔‘‘
9۔ سمجھ نہیں آتی کسی بات کے سمجھ میں نہ آنے کے لیے یہ ایک غلط فقرہ ہے. ’سمجھ میں نہیں آتا‘ کہنا صحیح اور فصیح ہے بقول اکبر الہٰ آبادی:
بس جان گیا میں، تری پہچان یہی ہے
تو دل میں تو آتا ہے، سمجھ میں نہیں آتا

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

4 Shares
Share4
+1
Tweet
Share