یقین والی شخصیت کیسی ہوتی ہے

  1. یقین والی شخصیت
    یہ شخصیت Belief کہلاتی ہے۔ جن لوگوں میں یہ شخصیت نمایاں ہوتی ہے، وہ اپنی اقدار (ویلیوز) کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ چنانچہ وہ زیادہ با اخلاق اور دوسروں کے مقابلے میں زیادہ باکردار ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنی فیملی، انسان دوستی اور اچھے کردار کو اہمیت دیتے ہیں اور روحانیت پسندہوتے ہیں۔ یہ بنیادی اقدار اُن کے برتائو پر اثر پذیر ہوتی ہیں۔ یہ چیزیں ان کی زندگی کو بامعنی بناتی ہیں۔ Belief شخصیت والے افراد کی اقدار اگرچہ مختلف ہوتی ہیں، تاہم وہ جو اقدار بھی رکھتے ہیں، اپنی زندگی کے بیش تر معاملات میں وہ انھیں بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ وہ اپنی اقدار پر عمل کرنے کیلئے اگر ضرورت پڑے تو اپنا نقصان بھی برداشت کرلیتے ہیں، مگر اپنی اقدار پر آنچ نہیں آنے دیتے۔
    اس شخصیت والے افراد کیلئے پیسے یا شہرت کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔ کیوں کہ ان کے خیال میں کامیابی کا تعلق پیسے یا شہرت سے نہیں، بلکہ کامیابی دولت اور شہرت سے کہیں بلند تر شے ہے۔ زندگی میں جب کوئی مسائل و مشکلات پیش آتی ہیں تو یہ لوگ دوسروں کے مقابلے میں کم گھبراتے ہیں، کیوں کہ وہ اپنی اقدار سے رہ نمائی لیتے ہیں۔ زندگی کے نشیب و فراز میں یہ اقدار اُن کی درست سمت میں رہ نمائی کرتی ہیں۔ وہ جو اقدام بھی کرتے ہیں، انھیں اس پر پورا یقین ہوتا ہے اور یہ یقین انھیں اطمینان بخشتا ہے۔ ان لوگوں کی اقدار اُن کی مستقل ترجیحات بن جاتی ہیں جن کی وجہ سے وہ مسلسل آگے بڑھتے رہتے ہیں۔ جوں جوں وہ آگے بڑھتے ہیں، اُن کا اپنے پر اعتماد بھی بڑھتا چلاجاتا ہے۔ یہ لوگ بامقصد زندگی گزارتے ہیں۔ وہی کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو اُن کی اقدار اور مقصد حیات سے ہم آہنگ ہو۔
    یقین والی شخصیت کیلئے مفید مشورے
    درج ذیل ہدایات اور مشورے آپ کو آپ کی Beliefشخصیت کے مطابق درست کیریر کے انتخاب میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ جب آپ ان پر غور کریں تو وہ کیریر منتخب کریں جو آپ کے خیال میں آپ کی شخصیت سے سب سے زیادہ قریب ہو۔
    ٭ ایسی جاب تلاش کیجیے جہاں کا ماحول آپ کی اقدار کے مطابق ہو، مثلاً مذہبی یا فلاحی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ۔
    ٭ گاہے گاہے لوگوں کی مدد اور خدمت کرتے رہیے تاکہ آپ کی اقدار کو توانائی ملے۔ اس سے آپ کو طمانیت ملے گی۔
    ٭ ایسے منصوبے تشکیل دیجیے جن میں آپ کو اپنی اقدار کو پروان چڑھانے کا موقع ملے۔
    ٭ کسی اسکول، یتیم خانہ، ہسپتال وغیرہ میں رضاکارانہ خدمت کیجیے۔
    ٭ ایسے دوست بنائیے جن کی اقدار آپ کی اقدار سے ہم آہنگ ہوں۔
    ٭ اپنی اقدار سے مختلف اقدار رکھنے والے افراد سے بھی میل جول بڑھائیے تاکہ آپ کو دیگر اقدار کی اہمیت کا بھی پتا چلے۔
    ٭ اس شخصیت کیلئے مناسب کیریر: فلاحی یا مذہبی ادارہ میں ملازمت، ہسپتال میں خدمات، اسکول ٹیچر، پولیس یا فوج۔
یہاں کلک کر کے شیئر کریں

Articles You May Like

One response to “یقین والی شخصیت کیسی ہوتی ہے”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *